لندن (این این آئی)برطانیہ نے یوکرین کے شہروں لوہانسک اور ڈونیسٹک میں روس کی طرف سے تعینات کردہ عہدیداران پر پابندیاں عائد کردیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس میں 29 علاقائی گورنرز پر بھی پابندیاں لگائی گئی ہیں۔
برطانیہ کی جانب سے 42 شخصیات کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جس میں روس کے وزیر انصاف اور نائب وزیر انصاف بھی ہیں۔علاوہ ازیں روسی ارب پتی ایلیشر عثمانوف کے دو بھتیجوں پر بھی پابندیاں لگا دی گئی ہیں۔خارجہ سیکرٹری لز ٹروس نے کہا کہ ہم ان تمام شخصیات پر سخت پابندیاں لگائیں گے جو یوکرین میں پیوٹن کی جنگ کی قانونی معاونت کر رہے ہیں۔روس نے وٹالی خوتسینکو اور ولادیسلاف کزنیٹسو کو ڈونیٹسک کا وزیر اعظم اور لوہانسک کا ڈپٹی چیئرمین تعینات کیا تھا۔برطانیہ کے دفتر خارجہ نے دونوں افراد پر سفری پابندیاں عائد کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے اثاثے بھی منجمد کر دیے ۔دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وٹالی اور ولادیسلاف کو مقبوضہ علاقے میں روسی پالیسیز پر عمل درآمد کے لیے بھیجا گیا ہے تاکہ یوکرین کے ان علاقوں کو روس میں ضم کیا جاسکے۔واضح رہے کہ فروری میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک برطانیہ نے 1100 روسی شخصیات اور 100 سے زائد کاروباری مراکز پر پابندیاں عائد کی ہیں۔