اسلام آباد( این این آئی)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو مزید 10مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں توسیع مل گئی۔اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ سیشن عدالت میں لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کی درخواست پر
سماعت ہوئی، عدالت نے عمران خان کی مزید دس مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں 30 جولائی تک توسیع کر دی۔عمران خان کے خلاف درج مقدمات کی سماعت سیشن جج کامران بشارت مفتی نے کی۔ عمران خان کے وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ عمران خان لاہور میں ہیں اس لیے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جائے۔جج نے ریمارکس دئیے یہ آپ کا سیاسی معاملہ ہے لیکن ملزم کا پیش ہونا بھی ضروری ہے۔جونیئر وکیل رائے تجمل نے بابر اعوان کے متعلق بھی بتایا کہ وہ بیرون ملک جا رہے ہیں اس لیے کیس کی پیروی کے لیے پیش نہیں ہو سکے۔دریں اثنا، عمران خان نے تھانہ کوہسار کے مقدمہ نمبر 425 میں بھی ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا۔عدالت نے کہا کہ تھانہ کوہسار میں درج مقدمہ نمبر 425 میں عمران خان کا پیش ہونا لازمی ہے، جج نے ریمارکس دیے مقدمہ نمبر 425 میں فریش ضمانت ہے اس کے لیے ملزم پیش ہوگا تو حکم جاری کروں گا۔جونیئر وکیل رائے تجمل نے عدالت سے استدعا کی کہ فریش ضمانت کی درخواست بھی آئندہ سماعت کے لیے مقرر کر دی جائے، جس پر عدالت نے مقدمہ نمبر 425 میں دائر فریش درخواست ضمانت بھی 30 جولائی کے لیے مقرر کر دی۔