حیدرآ باد(این این آئی)تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل و سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ اب بہت جلد زبردستی کرسی پر بیٹھنے والوں سے آپ کی جان چھوٹنے والی ہے، 24 جولائی کو سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دن سب کو گھروں سے نکلنا ہو گا،
جو کل تک دھمکیاں دے رہے تھے وہ آج ہماری منتیں کر رہے ہیں یہی ہماری جیت ہے۔وہ حیدرآبا د کے مقامی ہوٹل میں پی ٹی آئی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر خاوند بخش جہیجو، ڈاکٹر مستنصرباللہ، کیو محمد حاکم و دیگر بھی موجود تھے۔اسد عمر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈیزل بالکل بھی مظلوم نہیں ، ڈیزل نے چیری بلاسم کو ایسی کرسی پر بٹھایا ہے ، ہم چیری بلاسم سے کہتے ہیں کہ آپ کی حکومت جانے والی ہے، آپ نے پہلے خیبر پختونخواہ میں اے این پی اور فضل الرحمن کا سورج غروب ہوتے دیکھا اب پنجاب میں مسلم لیگ(ن) کی سیاست دفن ہوتے دیکھی ہے، انہوں نے کہاکہ کراچی میں بلے نے پتنگ کاٹ کر رکھ دی ہے اب اگلی باری حیدرآبا دکی ہے، بلا حیدرآباد سے چلے گا بدین، لاڑکانہ، سکھر سب جگہ جائے گا ، انہوں نے کہاکہ یہ نظام جس کے تحت بلدیاتی الیکشن ہوگا یہ فرسودہ نظام ہے ، سندھ میں جو نظام چل رہا ہے اس میں کوئی اختیارات عوام تک منتقل نہیں ہوتے ، یہ چاہتے ہیں کہ یہاں ایک خاندان کی حکمرانی ہو اور تمام اختیارات اور وسائل ایک ہی خاندان کے پاس ہوں اس کے بعد سندھ کا شہری نوکری، تعلیم اور تبادلے چاہتا ہو تو ان کے پاس پرچی کے لئے آئے، انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی کے پی کے میں حکومت بنی تو تمام اختیارات نچلی سطح تک دیئے گئے ، وہ وقت دور نہیں جب سندھ میں حکمرانی ایک خاندان کی نہیں بلکہ عوام کی ہو گی۔