لندن (این این آئی)برطانیہ سمیت یورپ میں شدیدگرمی کی لہر جاری ہے، برطانیہ میں پیر اور منگل کو درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپ کے بعض ممالک میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔دوسری جانب فرانس، پرتگال اور اسپین کے جنگلات میں شدید گرمی کے باعث آگ بھڑک اٹھی
، پرتگال میں جنگلات کا 75ہزار ایکڑ اور فرانس میں 22 ہزار ایکڑ حصہ آگ کی لپیٹ میں آگیا، متاثرہ علاقوں سے ہزاروں افراد نے نقل مکانی شروع کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق جنوب مغربی یورپ کے علاقوں میں موسم گرما کی ہیٹ ویو کے باعث لگنے والی آگ سے جنگلات میں تباہ کن آگ پھیل چکی ہے۔براعظم کے کچھ حصوں میں آئندہ ہفتے کے اوائل میں درجہ حرارت کے نئے ریکارڈز بھی قائم ہو سکتے ہیں۔فرانس، پرتگال، سپین اور یونان میں فائر فائٹرز جنگل کی آگ بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان ممالک میں پھیلی آگ نے ہفتے کے آغاز سے ہی ہزاروں ایکڑ اراضی کو تباہ کردیا ہے جبکہ متعدد اہلکار بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔یہ حالیہ ہفتوں میں جنوب مغربی یورپ کے علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لینے والی دوسری ہیٹ ویو ہے۔سائنس دان اس کی بنیادی وجہ موسمیاتی تبدیلیوں کو قرار دیتے ہیں اور وہ تسلسل کے ساتھ موسمیاتی شدت کی پیش گوئی کر رہے ہیں۔فرانس کے جنوب مغربی علاقے گیروندے کے ساحلی قصبے آرکاچون میں فائر فائٹرز دو مقامات پر لگی جنگل کی آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے تھے جس نے منگل سے اب تک 24 ہزار 700 ایکڑ سے زیادہ رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔فائر اینڈ ریسکیو سروس کے لیفٹیننٹ کرنل اولیور چاوٹے جن کے تحت 1200 فائر فائٹرز اور پانچ طیارے کام کر رہے ہیں، نے کہا کہ ’یہ ایک مشکل کام ہے۔