اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے نجکاری کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ حکومتی ملکیت کے حصص کی فروخت کے عمل میں احتساب اور شفافیت کومدنظررکھا جائے۔نجکاری کمیشن کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں اسلام آباد میں ہو اور اہم فیصلے کئے گئے ،اجلاس کے دوران نجکاری کمیشن کے سیکرٹری احمد نوازسکھیرا نے وزیرخزانہ کو کمیشن کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اورسرکاری اداروں میں حکومتی ملکیت کے حصص کی فروخت کے عمل کے بارے میں بتایا،وزیرخزانہ نے نجکاری کمیشن کی کارکردگی کو سراہا،اسحاق ڈارنے نجکاری ڈویڑن کے سیکرٹری کو ہدایت کی کہ ڈویژن کی کارکردگی سے متعلق رپورٹس سے انہیں باقاعدگی سے آگاہ کیا جائے،اجلاس میں وزارت خزانہ اورنجکاری ڈویڑن کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔