اسلام آباد (آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیری حریت پسند برہان مظفر وانی کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کشمیریوں کی جراتمندانہ جدوجہد کو سلام کرتا ہوں۔اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ برہان مظفر وانی بھارتی غاصبانہ قبضے کے
خلاف کشمیریوں کی جراتمندانہ مزاحمت کا استعارہ و علامت بن چکا ہے، تعلیم سے محبت کرنے والے نوجوان برہان کو قابض بھارتی فوج نے ناحق ستایا اور کتاب چھین کر بندوق تھمانے پر مجبور کیا، برہان وانی قرآن پڑھانے والی ماں کے لخت جگر اور ایک استاد کے بہادر فرزند تھے۔ برہان وانی نے بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف بے مثال جدوجہد اور عظیم قربانی سے حریت کشمیر کا ایک نیا باب لکھا ہے، جس قوم میں برہان وانی جیسے شیر بیٹے موجود ہوں، اسے 9 لاکھ فوج تو کیا ساری دنیا کی فوج مل کر بھی غلام نہیں بنا سکتی، بہادر کشمیری نسل در نسل اپنی آزادی اور بھارت کے ناجائز غاصبانہ قبضے کے خلاف سات دہائیوں سے زائد عرصے سے سینہ سپر ہیں،۔عالمی برادری خاص طور پر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کرائے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی خواہشات کے مطابق استصواب رائے کے ذریعے تنازعہ کشمیر حل کرائے، آزادی کی منزل حاصل ہونے تک پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں بہنوں کی منصفانہ جدوجہد کی ہر ممکن حمایت کرتا رکھے گا، اللہ تعالیٰ برہان وانی سمیت تمام شہداء کے درجات بلند، اہل خانہ کو صبر جمیل اور اجر عظیم عطا فرمائے۔