اسلام آباد (این این آئی)سابق فوجی صدر پرویز مشرف کو ڈاکٹروں نے سفر کرنے سے منع کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق سابق صدر کی بات کرتے ہوئے سانس اکھڑتی ہے جبکہ یو اے ای کی حکومت سابق صدر کو بوئنگ۔777 فراہم کرنے کی تیاری کررہی ہے
تاہم سابق صدر جنرل (ریٹائرڈ) پرویز مشرف کا جلد وطن واپسی کا کوئی منصوبہ نہیں ہے کیوں کہ ڈاکٹروں نے انہیں مشورہ دیا ہے کہ وہ فضائی سفر سے اجتناب کریں۔متحدہ عرب امارات کی حکومت انہیں بوئنگ۔777 طیارے کو ائیر ایمبولینس میں منتقل کرکے فراہم کرنے کو تیار ہے، جس میں وہ تمام آلات اور سہولیات میسر ہوں گی جو پاکستان منتقل ہونے کے لیے ضروری ہے۔طارق عزیز جو کہ پرویز مشرف کے پرنسپل سیکرٹری اور نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری جنرل بھی رہے، انہوں نے بھی تصدیق کی کہ جنرل پرویز مشرف وطن واپس آنا چاہتے ہیں تاہم ڈاکٹروں نے منع کر دیا ۔طارق عزیز کے مطابق سابق صدر کے گھر والوں نے ان تمام افراد سے اظہار تشکر کیا ہے جنہوں نے تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر پرویز مشرف کی صحت یابی کی دعائیں کی ہیں، پرویز مشرف اور ان کی اہلیہ بیماری سے زیادہ تنہائی کے باعث پریشان ہیں کیوں کہ یہ ان کے لیے زیادہ تکلیف دہ ہے۔