ریاض (این این آئی)سعودی وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود نے کہا ہے کہ بدھ 15 جون سے کھلے مقامات پر دھوپ میں کارکنان کی ڈیوٹی پر پابندی شروع ہو جائے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ روزانہ دوپہر بارہ سے سہ پہر تین بجے تک پابندی موثر رہے گی پابندی کا سلسلہ بدھ 15 ستمبر 2022 تک جاری رہے گا۔ جاری حکمنامے میں ہدایت کی گئی ہے کارکنان کی صحت وسلامتی کی خاطر دوپہر بارہ سے کر سہ پہر تین بجے تک کھلے مقامات پر ڈیوٹی لینے کی اجازت نہیں ہو گی۔ تمام نجی اداروں کو اس کا پابند بنا دیا گیا ۔وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود نے یہ پابندی نجی اداروں کے کارکنان کی صحت وسلامتی کی خاطر لگائی ہے اور انہیں اس بات کا پابند بنایا ہے کہ وہ کارکنان کو محفوظ ماحول فراہم کریں۔ ایسا کوئی کام نہ کریں جس سے ان کی صحت وسلامتی متاثر ہوتی ہو۔ وزارت افرادی قوت نے آجروں سے کہا ہے کہ وہ مذکورہ پابندی کے تناظر میں نئے اوقات کار متعین کریں۔