ریاض (این این آئی)سعودی عرب کی 16جامعات نے سال 2023 کے لیے عالمی شہرت یافتہ کواکواریلی سائمنڈز (جی ایس)کی جانب سے جاری کردہ جامعات کی عالمی درجہ بندی کے انڈیکس میں جگہ بنا لی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق تازہ درجہ بندی میں 2022 کے مقابلے میں مملکت کی مزیددو جامعات کواس فہرست میں شامل کیا گیا ہے اور 2019 کے مقابلے میں سات مزید یونیورسٹیاں درجہ بندی میں شامل ہوئی ہیں۔جی ایس اپنی درجہ بندی میں کئی معیاروں کے مطابق جامعات کا جائزہ لیتا ہے، بنیادی طور پر یونیورسٹی کی ساکھ کا اندازہ دنیا بھر میں تعلیمی آرا کے سب سے بڑے سروے کے ذریعے لگایا جاتا ہے۔اس سروے میں ایک لاکھ 30 ہزار سے زیادہ ماہرین حصہ لیتے ہیں۔2023 کی درجہ بندی میں امریکا کامیساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی)، برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی اور امریکا کی سٹینفورڈ یونیورسٹی سرفہرست ہیں۔ وہ بالترتیب پہلے ، دوسرے اور تیسرے نمبرپر ہیں۔