نئی دہلی (آن لائن) بھارتی ریاست راجستھان میں ایک لڑکی نے اپنے آپ سے شادی کی تاریخ کا اعلان کر کے سب کو حیران کر دیا۔ ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کی ریاست راجستھان کے علاقے وڈوڈارا سے تعلق رکھنے والی 24 سالہ کشامہ بندو کی شادی کی تمام تر تیاریاں
مکمل ہو چکی ہیں اور شادی کی تاریخ اور مقام کا اعلان بھی ہو گیا ہے لیکن 11 جون کو ہونے والی یہ شادی اس لحاظ سے منفرد ہو گی کہ اس میں دلہا کوئی نہیں ہو گا۔بھارتی میڈیا کے مطابق کشامہ بندو کی شادی میں سندور سمیت تمام ہندو رسومات ادا کی جائیں گی۔ میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کشامہ بندو نے اپنے فیصلے کو خود سے محبت کے اظہار کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ میں کبھی بھی شادی نہیں کرنا چاہتی تھی لیکن میں دلہن بننا چاہتی تھی۔کشامہ بندو کا کہنا تھا کہ انہوں نے SOLOGAMY (اپنے آپ سے شادی) سے متعلق آن لائن بہت کچھ پڑھا لیکن بھارت میں اس طرح سے شادی سے متعلق کوئی شواہد نہیں ملے، شاید میں بھارت میں پہلی لڑکی ہوں گی جو خود سے محبت کی مثال قائم کرے گی۔لڑکی نے بتایا کہ اپنے آپ سے شادی ایک ایسا معاہدہ ہے جس میں آپ اپنے خود سے غیر مشروط محبت کا اظہار کرتے ہیں، لوگ ان سے شادی کرتے ہیں جس سے وہ محبت کرتے ہیں اور میں اپنے آپ سے محبت کرتی ہوں اس لیے خود سے شادی رچا رہی ہوں۔بھارتی میڈیا کے مطابق کشامہ بندو ایک پرائیویٹ کمپنی میں ملازمت کرتی ہے اور اس کے والدین نے بھی بیٹی کے اپنے آپ سے شادی کرنے کے فیصلے کی حمایت کی ہے، اس شادی کی دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ دلہن شادی کے بعد ہنی مون کے لیے بھی جائے گی۔