اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد پولیس کے ملازمین کے لیے خوشخبری،تنخواہوں میں اضافے کیلئے سمری وزارت خزانہ کو ارسال کردی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے وزارت خزانہ کو سمری بھیجی گئی ہے،جس میں اسلام آباد پولیس کو
پنجاب پولیس کے برابر تنخواہ کی ادائیگی کیلئے اجازت طلب کی گئی جبکہ پنجاب پولیس کی تنخواہوں کا پیٹرن بھی فنانس ڈویژن کو بھجوادیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سمری میں لکھا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے انتہائی اہم کردار اداکررہی ہے جبکہ فسادی ہجوم اور دہشت گردانہ کارروائیوں کا مقابلہ بھی کررہی ہے۔ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے بھیجی گئی سمری میں کہا گیا ہے کہ پنجاب پولیس اور ایف آئی اے کے مقابلے میں اسلام آباد پولیس کی تنخواہ کم ہے ، اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں کو ملک بھر کوٹہ کی بنیاد پر بھرتی کیا جاتا ہے اور اپنے علاقے سے باہر سے آنے والے اہلکاروں کو زیادہ مہنگائی کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے، کم تنخواہ کی وجہ سے بدعنوانی کا خدشہ رہتا ہے تاہم تنخواہوں میں اضافے سے اسلام آباد پولیس کا مورال بلند ہوگا۔سمری میں مزید کہا گیا ہے کہ تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کرنے کے لیے 738 ملین روپے کے اخراجات آئیں گے جبکہ دیگر تمام صوبوں کی پولیس کی تنخواہوں کا تقابلی جائزہ بھی بھیجا جارہا ہے ،فنانس ڈویژن سے درخواست ہے کہ جلد از جلد اسلام آباد پولیس کے پرپوزل کا جائزہ لیا جائے۔