کراچی(این این آئی)پولیس کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا۔یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ رات اپنے جاری کردہ پیغام میں بتائی۔علی زیدی کے مطابق وہ گزشتہ
رات نمائش چورنگی پر ہونے والے احتجاجی دھرنے میں موجود تھے کہ 5 پولیس موبائل اور دو کرولا کاروں نے ان کے گھر کا گھیرا ئوکیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ ٹوئٹ پیغام میں صدر پی ٹی آئی سندھ علی زیدی نے لکھا کہ میری بیوی اور بچے گھر میں اکیلے ہیں، اگر کسی نے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی تو زرداری اور اس کے بیٹے کا دنیا کے آخری کونے تک پیچھا کروں گا۔دوسر ی جانب سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے سابق وزیر اعظم عمران کو آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ ٹوئٹ میں وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے لکھا کہ لانگ مارچ میں عوام کی تعداد دیکھ کر شدید مایوس تھے اسی لیے انھوں نے مارچ ختم کرنے کا اعلان کردیا ۔جاری کردہ ٹوئٹ میں ناصر حسین شاہ نے لکھاکہ چھ دن یا پوری مدت یہ فیصلہ ہم کریں گے آپ نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آپ جائیں آرام کریں اب وہ بھی لمبا۔