اسلام آباد(آن لائن) ایم ڈی بیت المال ظہیر عباس کھوکھر اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے،سابق وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق بطور ایم ڈی خدمات سرانجام دی ہیں موجودہ وزیر اعظم کے ساتھ کام نہیں کر سکتا ہوں۔جمعہ کے روز اپنے دفتر میں پریس کانفرنس سے
خطاب کرتے ہوئے سابق ایم ڈی بیت المال ظہیر عباس کھوکھر نے کہاکہ گذشتہ سال اپریل کے مہینے میں میری تعیناتی بطور ایم ڈی بیت المال ہوئی تھی اور ایک سال کے دوران ادارے کو خوش اسلوبی سے چلایا ہے انہوں نے کہاکہ پاکستان کے ایک عظیم ادارے کی ذمہ داری دینے پر سابق وزیر اعظم کا مشکور ہوں ایک سال کے دوران ہم نے گذشتہ 17سالوں سے التوا کا شکار معاملات کو حل کرکے ادارے کے ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں انہوں نے کہاکہ یہ ادارہ پاکستان کے غریب اور مستحق عوام کی فلاح و بہبود کیلئے قائم کیا گیا ہے لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ اس کو ذیادہ سے ذیادہ فنڈز فراہم کئے جائیں انہوں نے کہاکہ اس وقت ادارے کے زیر اہتمام احساس لنگر پروگرام،احساس پناگاہیں اور دیگر فلاحی منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت جاری ہیں اسی طرح ہسپتالوں میں مستحق مریضوں کو علاج و معالجہ کی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں انہوں نے کہاکہ حکومت کی تبدیلی کے بعد نئے وزیر اعظم کے ماتحت کام کرنا میرے لئے ممکن نہیں ہے اور میں اپنے عہدے سے مستعفی ہورہا ہوں اور موجودہ حکومت کے خلاف اپنے قائد عمران خان کے حکم کے مطابق احتجاجی تحریک میں بھرپور شرکت کرونگا۔