کراچی(این این آئی)ممتاز سماجی رہنما و ایدھی فائونڈیشن کے بانی عبدالستار ایدھی کی بیوہ، ایدھی فاونڈیشن کی شریک چیئرپرسن بلقیس ایدھی نجی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ایدھی فائونڈیشن کے عملے نے اس حوالے سے بتایاکہ بلقیس ایدھی کو بلڈ پریشر کی شکایت پر اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ایدھی فائونڈیشن کے اسٹاف نے مزید بتایاکہ بلقیس ایدھی چند روز
سے اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، تاہم اب ان کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے۔بلقیس ایدھی اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔دوسری جانب بلقیس ایدھی کی بسترِ علالت سے تصویر منظرِ عام پر آنے کے بعدمسلم لیگ(ن) کے مرکزی جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے بلقیس ایدھی کی جلد صحتیابی کا پیغام جاری کیا ہے۔احسن اقبال نے خاتون اول تہمینہ درانی کے ٹوئٹ کو شیئر کیا جس میں بلقیس ایدھی کو بیمار حالت میں بیڈ پر لیٹے دیکھا جاسکتا ہے۔تہمینہ درانی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ آج بلقیس اور میں ان کے اسپتال کے کمرے میں زار و قطار رو رہے تھے، وہ ایدھی صاحب کے لیے رو رہی تھیں اور میں ان کے لیے رو رہی تھی۔انہوں نے بتایا کہ وہ بہت بیمار ہیں، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی لکھا کہ جب بلقیس ایدھی نے انہیں خاتون اول کہا تو وہ ایک دم سے ہڑ بڑا گئیں۔تہمینہ درانی نے کہا کہ درحقیقت کوئی خاتون اول ایدھی کی بلقیس کی عظمت کے برابر نہیں ہو سکتیں۔خاتون اول کے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے احسن اقبال نے بلقیس ایدھی کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ خاتونِ اول کی انسان دوست عبدالستار ایدھی سے خاص رغبت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، انہوں نے ایدھی کی خودنوشت اور سوانح حیات بھی تحریر کر رکھی ہے۔گزشتہ روز انہوں نے ایدھی کی قبر پر فاتحہ بھی پڑھی تھی۔