اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی)قومی اسمبلی کے بعد پنجاب اسمبلی بھی توڑے جانے کا امکان ہے اور اس حوالے وزیراعظم عمران خان نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو اسلام آباد طلب کر لیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گورنر پنجاب
عمر سرفراز چیمہ کو اسلام آباد طلب کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب آج وزیر اعظم عمران خاں سے ملاقات کریں گے اور موجودہ سیاسی صورت حال پر آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق رہنمائی لیں گےحکومتی ذرائع کا بتانا ہے کہ پنجاب اسمبلی توڑے جانےکا امکان ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم کی قانونی ٹیم گورنر پنجاب کو رہنمائی فراہم کرے گی۔دوسری جانب مرکز میں سیاسی منظر نامے میں سنجیدہ پیش رفت کی روشنی میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کا امکان مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس معاملے سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کوئی ہدایت موصول نہیں ہوئیں۔ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ وہ ابھی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کر کے واپس آئے ہیں، وزیر اعظم نے اسمبلی تحلیل کرنے کے حوالے سے انہیں کوئی ہدایت نہیں دی۔انہوں نے کہاکہ آئینی اسکیم کے تحت میں وہ واحد شخص ہوں جو گورنر کو اسمبلی تحلیل کرنے کی تجویز دے سکتا ہوں، لیکن فی الحال ایسا کچھ نہیں ہے۔انہوں نے دہرایا کہ اب تک ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔



















































