لاہور(این این آئی) جنوبی پنجاب ایگزیکٹیو کونسل کے چیئرمین طاہر بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کے انتخاب میں سرپرائز دیں گے، وزیراعظم کے معاملے میں مس مینجمنٹ ہوئی جس سے صورتحال خراب ہوئی ،تحریک انصاف کے 7سے 8 ناراض ایم پی ایز کو منالیں گے ،(ن)لیگ کے 14 ایم پی ایز پرویزالٰہی کو ووٹ دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب محاذ کے خالق اور جوڑتوڑ کے ماہر طاہر بشیرچیمہ بھی پرویزالٰہی کی حمایت میں نکل آئے ہیں ،پرویز الٰہی سے ملاقات کے بعد طاہر بشیرچیمہ نیایم پی ایز سے رابطے شروع کردیئے۔جنوبی پنجاب ایگزیکٹیو کونسل کے چیئرمین طاہر بشیر چیمہ نے نجی ٹی وی کو ایک انٹرویو میں کہا کہ ہمارا خاندان کافی عرصے سے سیاست میں ہے اور ارکان اسمبلی سے ذاتی تعلقات بن چکے ہیں۔طاہر بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے معاملے میں مس مینجمنٹ ہوئی جس سے صورتحال خراب ہوئی اور میری توجہ ذیادہ صوبائی حکومت کی طرف رہی۔انہوںنے کہا چوہدری پرویزالٰہی سے بھی خاندانی تعلق ہے، وزیراعلی کے انتخاب میں سرپرائز دیں گے، تحریک انصاف کے 7سے 8 ایم پی ایز سے زیادہ ناراض نہیں، انہیں بھی منالیں گے تاہم نون لیگ کے 14 ایم پی ایز پرویزالٰہی کو ووٹ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ طارق بشیرچیمہ شائد اپوزیشن کیساتھ بات چیت پردوسرا فیصلہ کرنا چاہتے تھے، وہ تجربہ کارسیاستدان ہیں، وہ پرویزالٰہی کے ساتھ ہی رہیں گے۔طاہربشیرچیمہ نے کہا کہ ترین گروپ کامطالبہ مائنس بزدارتھا تو اب ان سے بات چیت چل رہی ہے، (ن )لیگ کے ایک ایم پی اے نے تویہ بھی کہا کہ وہ پرویزالٰہی کے لیے قربانی دینے کو تیار ہیں۔