کراچی (نیوزڈیسک) انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) نے مالی سال 2015ء کے دوران پاکستان میں ایک ارب 20 کروڑ ڈالرز کی سرمایہ کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ آئی ایف سی جو ورلڈ بینک گروپ کا رُکن ہے، اس نے ملک میں توانائی کی قلت سے نمٹنے پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے گزشتہ سال اپنی سرمایہ کاری میں اضافہ کر دیا تھا جبکہ چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی مالی معاونت کے لئے بینکوں کو قرضے دیئے۔ رواں مالی سال ایک ارب 20 کروڑ ڈالرز کی سرمایہ کاری میں 76 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز طویل المیعاد منصوبوں کے لئے مختص ہوں گے، اہم منصوبوں میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی تاکہ نجی شعبے کو تقویت، ترقیاتی اور پیداواری کاموں کو فروغ حاصل ہو۔ پاکستان کے لئے آئی ایف سی کے کنٹری منیجر ندیم صدیقی نے کہا کہ ملک میں کروڑوں افراد کو بجلی یا بنیادی مالی خدمات حاصل نہیں ہیں، ہمارا مقصد ان مسائل سے نمٹنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے کیلئے آئی ایف سی نے 205 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کی جس میں ملٹی لیٹرل انوسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی (میگا) اور دیگر قرض دہندگان کی جانب سے گل پور ہائیڈرو پروجیکٹ کیلئے 155 ملین ڈالرز اور سندھ میں 50 میگاواٹ کے گل احمد ونڈ پاور پروجیکٹ کیلئے 15 ملین ڈالرز کی فراہمی شامل ہے۔ حبیب بینک کو 150 ملین ڈالرز قرضے کی فراہمی کے علاوہ آئی ایف سی نے 75 ملین ڈالرز کی ایکویٹی سرمایہ کاری کی جبکہ بینک الفلاح کو اپنے آپریشنز بڑھانے، چھوٹی و درمیانے درجے کی صنعتوں اور زرعی شعبے کیلئے قرضوں کی فراہمی کیلئے 67 ملین ڈالرز دیئےگئے۔ مشرق وسطیٰ او شمالی افریقا خطے (مینا) میں پاکستان آئی ایف سی کا سب سے بڑا توجہ کا حامل ہے جہاں اس وقت 46 کمپنیوں میں ایک ارب 20 کروڑ ڈالرز کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ –