لاہور (نیوز ڈیسک)پاکستانی وکٹ کیپر کامران اکمل نے قومی ایک روزہ ٹیم کے نائب کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز کی حمایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں اور لاپرواہی نہ برتیں۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں پاکستانی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں اور جو کوئی بھی ٹیم کیلئے بہترین کارکردگی پیش کرے وہ ٹیم میں جگہ پانے کا مستحق ہے۔سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ اور ایک روزہ میچوں کی سیریز میں شاندار فارم کا مظاہرہ کرنے والے سرفراز کو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز سے ڈراپ کردیا گیا تھا تاہم کامران کا کہنا ہے اس پر زیادہ شور مچانے کی ضرورت نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کپتان اور اس کے فیصلوں پر مکمل اعتماد کا مظاہرہ کرنا چاہیے کیونکہ وہ ہی فیصلہ کرتا ہے کہ کسی میچ میں ٹیم کیلئے سب سے بہترین کامبی نیشن کیا ہے۔یہ بھی ہو سکتا ہے کہ کپتان اور کوچ نے سری لنکا کے گرم اور مرطوب موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں آرام کرانے کا فیصلہ کیا ہو کیونکہ سرفراز نے ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل لگاتار تین ٹیسٹ اور پانچ ایک روزہ میچوں میں شرکت کی تھی۔جولائی میں کیریبیئن پریمیئر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کو ایونٹ جتوانے میں اہم کردار ادا کرنے والے کامران اکمل نے کہا کہ سرفراز اور محمد رضوان کے درمیان مقابلہ ایک اچھی چیز ہے لیکن انہوں نے ابھی تک قومی ٹیم میں دوبارہ واپسی کی امید نہیں چھوڑی۔ہمیشہ کسی نہ کسی موقع پر مقابلہ رہا ہے ایک دور میں راشد لطیف اور معین خان میں مقابلہ تھا اور پھر ہمارے پاس محمد سلمان، ہمایوں فرحت اور ذوالقرنین حیدر تھے۔وکٹ کیپر بلے باز نے کہا کہ میں ہمیشہ یہی کہنے کی کوشش کرتا ہوں کہ ٹیم میں جگہ کیلئے مقابلہ ہونا چاہیے اور اس بارے میں پریشان نہیں ہونا چاہیے۔ میں اپنے حساب سے صرف اپنی فٹنس کے بارے میں فکرمند رہتا ہوں اور اپنی کارکردگی پر توجہ مبذول رکھتے ہوئے پاکستان کی نمائندگی کا ایک اور موقع ملنے کا منتظر ہوں۔انہوں نے کہاکہ جب کبھی بھی مجھے دوبارہ نمائندگی کا موقع ملا میں اپنی اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے تیار ہوں اور باقی سب خدا پر چھوڑتا ہوں۔