اسلام آباد (این این آئی)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کے اجلاس میں وفاقی وزیر فواد چوہدری اور رہنما ن لیگ جاوید لطیف کے درمیان دلچسپ جملوں کا
تبادلہ ہوا۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کا اجلاس مسلم لیگ (ن )کے رکن اسمبلی میاں جاوید لطیف کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس میں وزیر اطلاعات فواد کی آمد کے ساتھ ہی ارکان میں دلچسپ نوک جھونک ہوئی۔فواد چوہدری نے اجلاس میں آتے ہی میاں جاوید لطیف سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ یہاں میٹنگ کر رہے ہیں، جائیں اور تحریک عدم اعتماد کے لیے ممبر اکھٹے کریں۔جاوید لطیف نے جواب دیا کہ ہم نے مطلوبہ بندے اکھٹے کر لیے ہیں، آپ جائیں آپ نے 10 لاکھ بندا اکھٹا کرنا ہے۔میاں جاوید لطیف کے جواب پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی میں قہقہے لگ گئے۔فواد چوہدری نے جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی سے پوچھا کہ چترالی صاحب آپ تو قائم ہیں ناں؟،اکبر چترالی نے جواب دیا کہ میں چترالی ہوں، مولانا چترالی کے جواب پر اجلاس ایک بار قہقہوں سے گونج اٹھا۔