لاہور( این این آئی)پاکستان سپر لیگ سیزن سیون کے پلے آف مرحلے کے آغاز سے قبل پشاور زلمی کی ٹیم کو کورونا وائرس نے گھیر لیا۔ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کی فرنچائز پشاور زلمی کے تین سے زیادہ ارکان کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں جن میں کرکٹرز اور کوچنگ
سٹاف کے افراد بھی شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ معمول کے پی سی آر ٹیسٹنگ میں لیگ سپنر عثمان قادر، فاسٹ بولر سہیل خان، ٹیم مینٹور ہاشم آملہ اور غیر ملکی آل رائونڈر بین کٹنگ کے ساتھ ا سٹاف ارکان کے ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق ہوئی ہے۔پی سی بی کورونا پروٹوکول کے تحت مذکورہ افراد کو 7 روز تک آئیسولیشن میں رہنا ہوگا۔تمام کرکٹرز اور عملے کے دیگر ارکان پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔واضح رہے کہ سات روز قرنطینہ پیریڈمکمل ہونے اور ٹیسٹ منفی آنے کی صورت میں اگر پشاور زلمی کی ٹیم فائنل تک رسائی پانے میں کامیاب ہوتی ہے تو ان کی شرکت متوقع ہے۔دوسری جانب پشاور زلمی کو لیام لیونگ اسٹن اور کوہلر کیڈمور کی انجریز جبکہ شرفین ردر فورڈ کی نجی مصروفیات کی وجہ سے وطن واپسی کے بعد کپتان وہاب ریاض کو سلیکشن کے مسائل کا سامنا ہے۔