اسلام آباد ( آن لائن) چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے صحافی محسن بیگ کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر ان چیمبر سماعت کی ۔ چیف جسٹس نے ایس ایچ او تھانہ مارگلہ سے آج جمعہ کے روز تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
محسن بیگ کی اہلیہ نے ایف آئی اے کی جانب سے شوہر محسن بیگ پر دہشتگردی کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست عدالت میں دائر کی،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پولیس نے تھانہ مارگلہ میں جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کیا، ایف آئی آر سے صرف سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے،پولیس اور ایف آئی اے کی جانب سے میرے شوہر پر تشدد کیا گیا، غیر قانونی طور پر پولیس اور ایف آئی اے نے گھر سے اٹھایا،عدالت کا مقرر کردہ بیلف کو تھانہ مارگلہ کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی، ایڈیشنل سیشن جج نے چھاپے اور ایف آئی آر کو غیر قانونی قرار دیا،اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ کورٹ کا تحریری حکمنامہ بھی درخواست کے ساتھ منسلک کیا گیا،محسن جمیل بیگ کی اہلیہ نے عدالت سے دہشت گردی کا مقدمہ خارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے محسن جمیل کو رہا کرنے کے احکامات جاری کرے،درخواست میں وفاقی حکومت، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی جی ایف آئی اے ودیگر فریق کو فریق بنایا گیا،عدالت نے تھانہ مارگلہ کے ایس ایچ او سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ایک دن کے لئے ملتوی کر دی۔