اسلام آباد (آ ن لائن ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ میرے نزدیک کسی ریویو کمیٹی کے ٹاپ ٹین میں آنے نہ آنے کی اہمیت نہیں ہے اور وزیراعظم کا مجھ پر مکمل اعتماد ہے جو ان کا اطمینان ہے،جنوبی پنجاب سے محبت ہے تو بلاول اور شہباز شریف ملکر بیٹھیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی و ی کو دئیے گئے انٹرویو اور اپنے ایک بیان میں کیا ۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چوہدری برادران سے ملاقات کرنے سے مسلم لیگ ن کے بیانیے کو دھچکا لگا ہے۔ چوہدری صاحبان سیاسی لوگ ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ حکومت اور ریاست کے مفادات ایک ہیں۔ وزیر خارجہ نے سوال اْٹھایا کہ کیا مسلم لیگ ن پنجاب کی قیادت مسلم لیگ ق کو دینے کے لیے تیار ہے؟ ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ جنوبی پنجاب سے محبت ہے تو بلاول بھٹو اور شہباز شریف مل کر بیٹھیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں نے مفادات کی خاطر اپنے سیاسی موقف میں تبدیلی کر لی ہے، مسلم لیگ ن نے اپنے بیانیے کو دفن کر دیا ہے، آج پاکستان کی سیاست نئے موڑ میں داخل ہو چکی ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے 5 بار حکومت کی ہے،پی ٹی آئی کو پہلی بار موقع ملا ہے، ماضی کی حکومتوں کے قرضوں کی قسطوں پر سب خرچ ہو رہا ہے، پاکستان اس وقت مہنگائی کی لپیٹ میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں مشکل حالات میں حکومت ملی،ہم ایران،ترکمانستان کے ساتھ سستے معاہدے کرنے جا رہے ہیں، ماضی کی حکومتوں کے معاہدوں سے بجلی مہنگی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں مقابلہ صرف پی ٹی آئی اور جے یوئی آئی کا ہے، ن لیگ اورپیپلزپارٹی بلدیاتی انتخابات میں کہاں ہے؟