قصور/لاہور( این این آئی)قصور کے علاقہ بابا بلھے شاہ روڈ پر پیپر مل میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 2افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا ،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے ،آگ اتنی شدید تھی کہ اس کے شعلے آسمان کو چھوتے رہے ، آگ پر
قابو پانے کے لئے لاہور سے بھی فائربریگیڈ اور ریسکیو کی گاڑیوں کو طلب کر لیا گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ قصور کے علاقہ بابا بھلے شاہ روڈ پر واقع پیپر مل میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کی اس کے شعلے آسمان کو چھوتے رہے ۔ اطلاع ملتے ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کیلئے کاوشیں شروع کر دی گئیں ۔ آگ کی شدت کی وجہ سے لاہور سے بھی فائر بریگیڈ اور ریسکیو کی گاڑیاں طلب کر لی گئیں۔ ایدھی ترجمان کے مطابق آگ لگنے کے باعث دو افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا ۔ایدھی ترجمان کے مطابق آگ کی شدت کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔جاں بحق ہونے والے ایک شخص کی شناخت مقصود کے نام سے ہوئی جو الیکٹریشن کا کام کرتا تھا۔