اسلام آباد (آن لائن)سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر شاہ محمد خان کی نااہلی کے فیصلے کیخلاف دائر اپیل واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی ہے۔ بدھ کو جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں تین رکنی بینچ
نے تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر شاہ محمد خان کی نااہلی سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف دائر اپیل پر سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے وکیل درخواستگزار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نا اہلی کیخلاف اپیل نا قابل سماعت ہے، بہتر ہے اپیل واپس لیکر متعلقہ فورم سے رجوع کریں۔ اس دوران وکیل درخواستگزار نے موقف اپنایا کہ اپیل واپس لے لیتے ہیں متعلقہ فورم سے رجوع کریں گے۔ عدالت عظمی نے تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر شاہ محمد خان کی نااہلی کیخلاف دائر اپیل واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے کے پی کے میں بلدیاتی انتخابات کے دوران بنوں کے پولنگ اسٹیشن پر حملے کے جرم میں صوبائی وزیر شاہ محمد خان کو پانچ سال کیلئے نا اہل قرار دیا تھا۔