گونٹور (این این آئی)بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں سخت گیر موقف رکھنے والی ہندو تنظیموں نے معروف جناح ٹاور کا نام بدلنے یا اسے مسمار کرنے کا مطالبہ کر دیا،بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارت کی جنوبی ریاست آندھرا پردیش کے شہر گونٹور کا معروف جناح ٹاورانتہاپسند
ہندوتنظیموں کے احتجاج کے بعد بھارتی پرچم کے رنگوں میں رنگ دیا گیا پہلے یہ روایتی طور پر سفید رنگ کا ہوتا تھا جسے یکم فروری کو بھارتی پرچم کے طرز پر تین رنگوں، گیروا، سفید اور ہرے رنگ کا پینٹ کر دیا گیا ۔جناح ٹاور گونٹور شہر کے مہاتما گاندھی روڈ کے اس مرکزی علاقے میں واقع ہے جہاں ایک بڑا بازار ہے۔ سخت گیر ہندو تنظیمیں کچھ دنوں سے اس کا نام بدلنے کا مطالبہ کررہی ہیں اور گذشتہ ہفتے اس سلسلے میں ہونے والے ایک احتجاجی مظاہرے کی وجہ سے ہندو واہنی کے بعض افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ۔اس واقعے کے بعد ہی مقامی اسمبلی کے ایک مسلم رکن محمد مصطفی نے اسے بھارتی پرچم کے رنگوں سے پینٹ کر دیا۔ یہ ٹاور شہر کے اس علاقے میں واقع ہے جہاں ہندوئوں کی اکثریت ہے اور ایک طویل عرصے سے یہ مذہبی ہم آہنگی کی علامت کے طور پر موجود رہا ہے۔



















































