کراچی(این این آئی)مغربی ہوائوں نے پاکستان کا رخ کر لیا، سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق کراچی میں 3 اور 4 فروری کو سردی کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے جبکہ آئندہ دو روز کے دوران تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
محکمہ مو سمیات کے مطابق آئندہ24گھنٹوں کے دوران مغربی ہوائیں پاکستان پہنچ جائیں گی، ملک کے مختلف حصوں میں بدھ کی رات اور جمعرات کو گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔انہوں نے بتایاکہ اسلام آباد، اٹک، چکوال، گلگت بلتستان، سوات ، مالا کنڈ ، پشاور، چار سدہ، کوہاٹ، میانوالی، سرگودھا، جھنگ خوشاب اور ساہیوال میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔سردار سرفراز نے بتایا کہ کشمیر، جہلم، منڈی بہا الدین، حافظہ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، لاہور اور قصور میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ مو سمیات کے مطابق بدھ کی شام مری، نیلم ، حویلی، استور اور ہزارہ میں برفباری متوقع ہے۔بدھ اور جمعرات کو مکران کی ساحلی پٹی اور صوبہ سندھ میں آندھی، تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ مو سمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان میں درجہ حرارت 3 سے 5 ڈگری رہے گا۔



















































