اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم کے دوست ممتاز مسلم کو نتھیا گلی میں فائیو سٹار ہوٹل کا کنٹریکٹ کیسے ملا؟اس حوالے سے 92نیوز حقائق سامنے لے آیا، ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے قریبی دوست ممتاز مسلم
جو کہ سٹیل ملز کے 13کروڑ روپے کے نادہندہ بھی ہیں اس کے باوجود نتھیا گلی میں عالی شان فائیو سٹار ہوٹل کا کنٹریکٹ مل گیا، قوانین کے مطابق کسی نادہندہ شخص کو ایسا کنٹریکٹ نہیں دیا جاسکتا ، دوسری جانب پاکستان سٹیل ملز نے ریکوری کیلئے نیب سے رابطہ کیا لیکن کوئی ایکشن نہ ہوا، ممتاز مسلم متعدد نیب انکوائریوں میں بھی شامل ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے خود سیاحتی مقام نتھیا گلی میں جا کر ہوٹل کا سنگ بنیاد بھی رکھا، ممتاز مسلم کو رقوم کی واپسی کیلئے سندھ ہائیکورٹ نے بھی حکم دیا لیکن انہوں نے تمام احکامات ہوا میں اڑا دئیے ، سٹیل ملز کے پیسے ادا نہ کرنے پر انتظامیہ نے نیب کا دروازہ کھٹکھٹایا لیکن نیب حکام کی جانب سے تمام انکوائریز پر کوئی پیشرفت نہ ہوا، ممتاز مسلم کی دبئی میں 16جائیدادوں کابھی انکشاف ہوا ہے ،اس حوالے سے ممتاز مسلم سے رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے کوئی موقف نہ دیا۔