میر ی لینڈ(این این آئی)امریکی ریاست میری لینڈ کے ایک گھر سے انسانی لاش کے ساتھ 100 سے زائد سانپ بھی برآمد ہوئے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست میری لینڈ کے علاقے چارلس کانٹی میں ایک گھر سے 49 سالہ شخص مردہ پایا گیا جبکہ اس کے گھر میں تقریبا124 سانپ میں موجود تھے۔حکام کا کہنا تھا کہ
اس شخص کی موت کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی تاہم اس بارے میں تحقیقات کی جارہی ہیں۔حکام نے مزید بتایا کہ مردہ شخص کے گھر میں سانپ جو پنجروں میں بند تھے اس میں سے اکثر غیر قانونی ہیں۔رپورٹس کے مطابق اس مردہ شخص کے پڑوسی نے اسے تقریبا ایک دن سے نہیں دیکھا جس کے بعد اسے تشویش ہوئی اور اس نے گھر جانے کا فیصلہ کیا تاہم جب اس نے کھڑکی سے دیکھا تو آدمی گرا ہوا تھا جس کے بعد اس نے فوری مدد کے لیے ریسکیو ٹیم کو اطلاع کی۔تاہم جب ریسکیو اہلکار گھر پہنچے تو انہوں نے اس شخص کو مردہ پایا اور دیکھا کہ گھر میں 100 سے زائد سانپ بھی موجود ہیں۔ چیف اینیمل کنٹرول آفیسر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے 30 سال کے تجربے میں اس قسم کی چیز کا سامنا نہیں کیا کہ ایک گھرمیں سانپوں کی اتنی بڑی تعداد موجود ہو۔حکام کے مطابق ان سانپوں میں اکثر سانپ زہریلے ہیں جن میں کوبرا اور بلیک ممباس بھی شامل تھے تاہم انہیں قبضے میں لے لیا گیا ہے۔