اسلام آباد(این این آئی)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ماضی میں (ن)لیگ نے صرف اپنے ذات کیلئے پروگرام شروع کئے ،پرائم منسٹر لون پروگرام کا سربراہ بھی مریم نواز کو بنایا ہوا تھا،عثمان ڈار نے نوجوانوں کو سیاسی رشوت کے پروگراموں سے نکالا، کامیاب جوان پروگرام میں شفاف نظام متعارف کرایا، پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں 10 لاکھ روپے تک
قرض بغیر گارنٹی کے حاصل کیا جا سکتا ہے۔وہ ہفتہ کو وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے- وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ماضی میں ن لیگ نے نوجوانوں کے نام پر جو پروگرامز شروع کئے وہ صرف اپنی ذات کیلئے تھے، انہوں نے تو پرائم منسٹر لون پروگرام کا سربراہ بھی مریم نواز کو بنایا ہوا تھا۔وزیر مملکت نے کہا کہ ن لیگ نے اس پروگرام کے تحت صرف 26 ارب روپے تقسیم کئے، ہم صرف کامیاب جوان پروگرام کا ہدف 50 ارب روپے تک بڑھائیں گے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ماضی میں نوجوانوں کے لئے سیاسی رشوت کے جوپروگرام شروع کئے گئے ان کا نوجوانوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوا،صرف نواز شریف اور شہباز شریف کی ذاتی تشہیر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ میں عثمان ڈار کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے نوجوانوں کو سیاسی رشوت کے پروگراموں سے نکالا، کامیاب جوان پروگرام میں شفاف نظام متعارف کرایا۔ وزیراعظم عمران خان کے وڑن کی روشنی میں ایک جامع پروگرام لے کر آئے جس کے ثمرات حاصل ہوناشروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بینکوں کو جوانوں کو قرضے فراہم کرنے کیلئے آمادہ کیا گیا۔فرخ حبیب نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں شروع کئے گئے پروگراموں سے ملکی معیشت کمزور ہوئی، نوجوانوں کا بہت بڑا حصہ نوکریوں کی تلاش میں رہا۔ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ40 ارب روپے کے قرض نوجوانوں کیلئے منظور کئے جا چکے ہیں، 30 ارب روپے کے منظور شدہ قرض سے 22 ہزار نئے کاروبار شروع کئے گئے ہیں۔وزیر مملکت نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام میں سٹارٹ اپس کو پروموٹ کیا گیا ہے، جن کے پاس وسائل کی کمی تھی اب وہ اس پروگرام سے استفادہ کرکے اپنے اور دوسروں کے روزگار کا وسیلہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں 10 لاکھ روپے تک قرض بغیر گارنٹی کے حاصل کیا جا سکتا ہے۔فرخ حبیب نے کہا کہ 30 ارب روپے میں سے 12 ارب روپے سٹارٹ اپس میں فراہم کئے گئے، کامیاب جوان پروگرام میں خواتین نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان شفافیت پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 3 ہزار کاروبار سندھ میں بھی شروع کئے گئے اور کامیاب جوان پروگرام میں قرض سیاسی بنیادوں پر نہیں بلکہ میرٹ اور شفافیت کو مد نظر رکھ کر دیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 30 ارب روپے کامیاب جوان پروگرام کے تحت تقسیم کئے جا چکے ہیں اور کامیاب جوان پروگرام کے تحت 50 ہزار نوکریاں دی گئی ہیں۔فرخ حبیب نے کہا کہ “ہنر سب کیلئے” پروگرام کیلئے 10 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جس سے 25 ہزار نوجوان مستفید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹس کا ٹارگٹ رواں سال 3 ارب ڈالر ہے۔نوجوانوں کو مختلف سرگرمیوں میں شامل کرنے کیلئے ایچ ای سی کے ساتھ مل کر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام بھی شروع کیا ہے۔فرخ حبیب نے کہا کہ پورے
ملک میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ابھی بھی جاری ہے۔اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ سال 2021 سے کامیاب جوان پروگرام کے جو منصوبے شروع کئے ان کے تمام اہداف حاصل کئے ہیں۔گذشتہ دو سالوں میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت اب تک تیس ارب روپے تقسیم کئے گئے اور ستائیس ارب 2021 میں تقسیم ہوئے۔سال 2020میں کرونا وبا کی وجہ سے ہر طرف بندش کا سامنا تھا جس وجہ سے کامیاب
جوان قرضہ سکیم پہ کام نہیں کیا جا سکا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں سے وعدہ ہے کہ اس سال پچاس ارب روپے کامیاب جوان پروگرام کے تحت تقسیم کئے جائیں گے جس سے چالیس ہزار نئے کاروبار شروع ہوں گے اور ہمارا ہدف ہے کہ ایک لاکھ نوجوان کو براہ راست کاروبار شروع کرنے کا موقع فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی بہت سے ایسے پروگرامز شروع کئے
گئے مگر پاکستان میں پہلی بارہنرسب کے لئے پروگرام کے تحت ہائی ٹیک سکلزسکالرشپ دیئے گئے ہیں۔عثمان ڈار نے کہا کہ پاکستان کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو اکیسویں صدی کے چیلنجز کا سامنا ہے۔جن پر قابو پانے کیلئے یہ پروگرامز شروع کئے گئے ہیں اور نوجوان ماہانہ لاکھوں روپے کما رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام نوجوانوں اور انا داروں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے سپورٹس کے
پروگرام کو بھی کامیاب کروایا۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی دہائیوں سے حکومتوں نے نوجوانوں اور کھیلوں کی سرگرمیوں کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے اور نوجوانوں کے نظر انداز کیا گیا اور مگر اب نوجوان ٹیلنٹ ہنٹ میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں،کامیاب جوان مراکز بننا شروع ہوگئے ہیں جن سے بیس لاکھ نوجوان فائدہ اٹھاسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمار امقصدسپورٹس کلچر کو فروغ دینا ہے
۔ایک سوال کے جواب میں عثمان ڈار نے کہا کہ 18 سال سے 45 سال کا ہر فرد قرضہ لے سکتا ہے اور قرضے کے حصول کے لئے صحافی بھی اپلائی کرسکتے ہیں اور تمام قرضے بغیر سفارش اور شفافیت کے ساتھ دیئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کے نوجوان تیا رہیں ان کے لئے گرین یوتھ مومنٹ کا آغاز کرنے جا رہے ہیں جوکہ نوجوانوں کے لئے ایک صحت مندانہ سرگرمی ہوگی
۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ماحولیاتی تبدیلی کی بات کی جا رہی ہے اور وزیراعظم عمران خان نے ماحولیاتی تبدیلی پر سب سے پہلے بات کی۔انہوں نے کہا کہ سال 2023 نوجوان کا سال ڈیکلیئر کیا گیا ہے اورکامیاب جوان پروگرام کے علاوہ وزارت امور نوجوانان اور متعلقہ اداروں کے ساتھ ملکر رواں سال نوجوانوں کے لئے ملک بھر میں سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا اور ہماری کوشش ہے کہ 12اگست کونوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان کو میزبانی ملے تاکہ پاکستان کے نوجوانوں کا امیج پوری دنیا کے سامنے رکھ سکیں۔