اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پرانے اینڈرائیڈ موبائل فون استعمال کرنے والے صارفین کے لیے اہم خبر سامنے آئی ہے۔ 9 ستمبر 2026 سے متعدد پرانے ڈیوائسز پر واٹس ایپ کی سہولت دستیاب نہیں رہے گی۔
رپورٹس کے مطابق میٹا نے ایسے اسمارٹ فونز کے لیے واٹس ایپ سپورٹ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو اینڈرائیڈ کے پرانے آپریٹنگ سسٹمز پر چل رہے ہیں۔ خاص طور پر اینڈرائیڈ 5 اور 5.1 استعمال کرنے والے فونز اس تبدیلی سے متاثر ہوں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اینڈرائیڈ 6 سے پہلے کے آپریٹنگ سسٹم والے موبائل فونز پر 9 ستمبر کے بعد واٹس ایپ تک رسائی ممکن نہیں رہے گی۔ اس فیصلے کے نتیجے میں بڑی تعداد میں پرانے اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر میسجنگ ایپ کا استعمال بند ہوسکتا ہے۔
کمپنی کی جانب سے واٹس ایپ کے یوزر انٹرفیس اور پرائیویسی نظام کو مسلسل اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے، جبکہ نئے فیچرز جدید اینڈرائیڈ اور ایپل آپریٹنگ سسٹمز کو مدنظر رکھتے ہوئے متعارف کرائے جاتے ہیں۔ اسی وجہ سے وقتاً فوقتاً پرانے آپریٹنگ سسٹمز کے لیے سپورٹ ختم کردی جاتی ہے۔
میٹا ان دنوں مصنوعی ذہانت (AI) سمیت کئی جدید ٹیکنالوجی پر مبنی فیچرز پر بھی کام کر رہی ہے، جنہیں بہتر انداز میں چلانے کے لیے نسبتاً جدید ہارڈویئر اور آپریٹنگ سسٹم درکار ہوتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 8 ستمبر 2026 کے بعد واٹس ایپ صرف ان اینڈرائیڈ فونز پر استعمال کیا جاسکے گا جو اینڈرائیڈ 6 یا اس کے بعد کے ورژن پر چل رہے ہوں گے۔
پرانا فون استعمال کرنے والے صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ واٹس ایپ کی چیٹس، تصاویر، ویڈیوز اور دیگر اہم ڈیٹا بروقت نئی ڈیوائس میں منتقل کرلیں، تاکہ رسائی ختم ہونے کی صورت میں اہم معلومات ضائع ہونے سے بچائی جاسکیں۔
رپورٹ کے مطابق پرانے آپریٹنگ سسٹمز کی سپورٹ ختم کرنے کا بنیادی مقصد صارفین کی سکیورٹی اور پرائیویسی کو مزید بہتر بنانا، جبکہ واٹس ایپ کی مجموعی کارکردگی اور استحکام کو برقرار رکھنا ہے۔



















































