لاہور( این این آئی)متحدہ عرب امارات کی حکومت نے پاکستانی اداکارہ ثنا جاوید اور ان کے شوہر و گلوکار عمیر جسوال کو بھی گولڈن ویزا جاری کردیا۔ثنا جاوید نے یو اے ای کا گولڈن ویزا ملنے کا اعلان انسٹاگرام پر خلیج ٹائمز کی خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے کیا۔ثنا جاوید نے
گولڈن ویزا کے حصول کو اپنے اور شوہر کے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور متحدہ عرب امارات کی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔عمیر جسوال نے یو اے ای کی جانب سے گولڈن ویزا ملنے کو شاندار احساس قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس خوشی کو الفاظ میں بیان کرنے سے قاصر ہیں۔یاد رہے کہ ثنا جاوید اور عمیر جسوال سے قبل اداکار ہمایوں سعید ،گلوکار علی ظفر ،وسیم اکرم، شعیب ملک اور ثانیہ مرزا بھی گولڈن ویزا حاصل کرچکے ہیں۔خیال رہے کہ یو اے ای کی جانب سے جن غیر ملکیوں کو گولڈن ویزا جاری کیا جاتا ہے وہ کفیل کے بغیر متحدہ عرب امارات میں کاروبار کرسکتے جبکہ تعلیم، رہائش بھی اختیار کرسکتے ہیں۔گولڈن ویزا کے حامل افراد یو اے ای میں 5 سے 10 سال تک رہائش اختیار کر سکتے ہیں جس کی تجدید خود بخود ہوجاتی ہے۔