تلہ گنگ(آن لائن) سانحہ مری میں جاں بحق ہونے والے اسلام آباد پولیس میں اے ایس آئی نوید اقبال اور ان کے اہل خانہ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی،تدفین کے موقع پر رقعت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے،ہر اآنکھ اشکبار تھی۔ نماز جنازہ میں صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر، سابق صوبائی وزیر سردار غلام عباس، حنیف عباسی اور
ن لیگی رہنما طارق فضل چوہدری سمیت عزیزوں رشتہ داروں اور اہل محلہ سمیت علاقے کے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سانحہ مری میں جاں بحق ہونے والے ایک ہی خاندان کے تمام افراد کی میتوں کی تدفین آبائی گاؤں دودیال تلہ گنگ میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ کی گئی۔ اس موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دکھائی دیے اور ہر آنکھ اشکبار تھی۔واضح رہے کہ سانحہ مری میں جاں بحق ہونے والے اسلام آباد پولیس کے اے ایس آئی نوید اقبال اور ان کے اہل خانہ کی میتیں مری سے اسلام آباد پہنچائی گئی تھیں جس کے بعد انہیں تلہ گنگ منتقل کیا گیا تھا۔پولیس ذرائع سے بتایا تھا کہ ایس ایچ او تھانہ کوہسار نے مرحوم اے ایس آئی اور ان کے جاں بحق ہونے والے اہل خانہ کی میتیں وصول کی تھیں جس کے بعد تمام جسد خاکی مرحومین کی رہائش گاہ جی سکس میں واقع رہائش گاہ پہ لائی گئی تھیں۔اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں تعینات اے ایس آئی نوید اور ان کے خاندان کے 7 سے 8 افراد بھی ایک گاڑی میں سوار تھے، تمام افراد برف باری اور سردی میں جان کی بازی ہار گئے۔پولیس حکام نے بتایا تھا کہ مری واقعے میں اے ایس آئی نوید ان کی 3 بیٹیاں اور ایک بیٹا جاں بحق ہوئے جب کہ اے ایس آئی سمیت فیملی کے جاں بحق پانچ افراد کا تعلق تلہ گنگ سے ہے۔