اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )پی ڈی ایم اے نے بارشوں اور برفباری سے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی۔پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق برفباری اور بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 12 افراد جاں بحق، 29 زخمی ہوئے جبکہ 22 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات و دیہی ترقی فیصل امین گنڈاپور نے گلیات، سوات، دیر اور ضم اضلاع سمیت صوبے کے
مختلف حصوں اور ملحقہ سیاحتی مقام مری میں طوفانی برفباری اور بارشوں سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ کا اظہار کیا ہے انہوں نے ایک تعزیتی پیغام میں جاں بحق افراد کی مغفرت کی دعا کی اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا فیصل امین گنڈاپور نے صوبے بھر میں میونسپل اداروں کو متاثرہ علاقوں بالخصوص سیاحتی مقامات پر برفباری میں گھرے افراد کو ریلیف کی فراہمی میں متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اہلکاروں کے شانہ بشانہ جاندار کردار ادا کرنے کی ہدایت بھی کی ہے اور اب تک کے فعال کردار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انکی کارکردگی کو سراہا ہے درایں اثناء وزیر بلدیات گزشتہ ایک ہفتے سے شدید برفباری اور طوفانی بارشوں کے آغاز کے ساتھ ہی صوبے بھر بالخصوص دور افتادہ کوہستانی اور سیاحتی علاقوں کی ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی اور میونسپل حکام سے مسلسل رابطے میں رہے اور انہیں شاہراہوں اور راستوں کی کلیرنس کے علاوہ متاثرین کی ہر طرح مدد کی ہدایات جاری کرتے رہے واضح رہے کہ وزیراعلیٰ محمود خان نے اس ضمن میں تمام صوبائی وزراء کو خصوصی ہدایات جاری کی تھیں جبکہ وہ خود بھی متاثرہ مقامات پر ریسکیو آپریشن کی مسلسل نگرانی کرتے رہے