اسلام آباد، لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی)حکومتی دعووں کے برعکس مری میں بجلی کی فراہمی تاحال بند ہے۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بجلی کی جلد بحالی کی کوئی امید نہیں ہے، واپڈا والوں کی طرف سے کوئی بتا رہا ہے کہ 10 دن بعد بجلی آئے گی اور کوئی کہہ رہا ہے
کہ بجلی بحال ہونے میں ایک ماہ کا عرصہ بھی لگ سکتا ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ مری اور اس کے ملحقہ علاقوں میں پی ایس او کے تمام پٹرول پمپوں پر ایندھن کا وافر ذخیرہ دستیاب ہے۔ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ مری میں پی ایس او کے تمام پمپوں پر پٹرول اور ڈیزل دستیاب ہے۔متعلقہ حکام ریسکیو کی مشینری کوامدادی کام جاری رکھنے کیلئے ایندھن کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے مقامی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ایک اور ٹویٹ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نے علاقے میں بجلی کی فراہمی میں تعطل روکنے کیلئے مری اور اس کے ملحقہ علاقوں میںاضافی افراد ی قوت بھجوا دی ہے۔انہوںنے کہا کہ مری میں شدید برفباری کے باعث تعطل کا شکار ہونے والے بجلی کے تمام فیڈرز بحال کر دئیے گئے ہیں اور معمولی خرابی کو ختم کیا جا رہا ہے۔