اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )سابق گورنر سندھ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ایماندار آدمی ہیں، اعتراف کرنا چاہتا ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیونیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ سماجی شعبے میں عمران خان نے جو کیا اسے تسلیم کرتا ہوں، سلیوٹ کرتا ہوں۔تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے
اپنی جیبیں اس لیے نہیں بھریں کہ ان کے ہاتھ دوسروں کی جیبوں میں ہیں۔سابق گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ سوائے سیالکوٹ کے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو کہیں ضمنی الیکشن میں کامیابی نہیں ملی۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کے ساتھ جو ہوا، اس سے بھی زیادہ برا ہوگا۔محمد زبیر کا کہنا تھا کہ منہگائی اوپر اور لوگوں کی آمدنی نیچے جارہی ہے جبکہ بھارت، بنگلادیش، سری لنکا میں پاکستان سے مہنگائی کم ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں مہنگائی سنگین معاملہ ہے، اس وقت پاکستان مہنگائی کے اعتبار سے تیسرے نمبر پر ہے۔اسی پروگرام میں شریک وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا تھا کہ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کو کریڈٹ دیتا ہوں، وہ مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں، ملک سے بھاگے نہیں ہیں۔دوسر ی جانب نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینئیر رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے من پسند ٹی وی چینلز کو اشتہارات دینے کا اعتراف کر لیا۔ پروگرام میں گفتگو کے دوران محمد زبیر نے کہا کہ اینکرز ن لیگ حکومت کے خلاف کنٹینر پر کھڑے ہو کر بیانات دے رہےتھے ایسی صورت ہم ٹی وی چینلز کو اشتہارات کیسےدیتے؟ پروگرام کے میزبان وسیم بادامی نے جواب میں کہا کہ مطلب ن لیگ کی تعریف کرنے والے اینکرز کو دیکھ کر اشتہارات دیئےگئے؟ جس پر محمدزبیر نے کہا کہ جن چینلز کی ریٹنگ کم تھی ان کو ہم نےاشتہارات نہیں دیئے۔