اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )پنجاب حکومت نے صوبہ کے 32اضلاع میں 3جنوری سے ای وائٹ پیپر کے نفاذ کا اعلان کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پنجاب کے تمام اسٹام فروشوں کیلئے وائٹ پیپر جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو حکومت پنجاب کی جانب سے 23دسمبر2021ء کو جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب کے
32اضلاع میں ای سٹامپ وائٹ پیپر کا نفاذ3جنوری 2022ء سے عمل میں لایا جارہا ہے تاہم لاہور کے علاوہ وائٹ پیپرصوبے بھر میں جاری ہونگے ۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر آفس اٹک کی جانب سے جاری کردہ مراسلہ میں تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں بنک آف پنجاب اور اسٹامپ فروشوں کو 3جنوری سے وائٹ پیپر کے نفاذ پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ 500روپے سے کم مالیت کے نان جوڈیشل اسٹامپ کیو آر کوڈ، بار کوڈ اور16ہندسہ کے منفرد شناختی نمبر کے ساتھ وائٹ پیپر پر جاری ہوں گے جو3جنوری2022ء سے صوبہ بھر میںنافذ کر دیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں پنجاب میں ایک بار پھر اسٹامپ پیپرز کے متبادل پر سوچ بچار کی جارہی تھی۔ذرائع کے مطابق پنجاب بھر میں اشٹام پیپرز ختم کرکے وائٹ پیپرز لانے کا سوچا جارہا ہے۔اشٹام پیپرز ختم کرنے سے پرنٹنگ کی مد میں سرکاری خزانے کو ایک ارب روپے کی بچت ہوگی۔وائٹ پیپرز پر تین طرح کے کوڈ ہوں گے۔یہ کم از کم ایک سوروپے سے لیکر زیادہ سے زیادہ اپنی مرضی کی مالیت کا نکلوایا جاسکے گا۔وائٹ پیپر کی پرنٹنگ پر صرف ایک روپیہ خرچ آئے گا۔