مانچسٹر (این این ائی) پاکستانی کے معروف لوک گلوکار عطاء اللہ عیسٰی خیلوی کا کنسرٹ بد نظمی کی نظر ہوگیا جس کے بعد گلوکار شو چھوڑ کر چلے گئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عطاء اللہ عیسٰی خیلوی کے مانچسٹر میں ہونے والے کنسرٹ میں پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ بچوں اور فیملیز کی بڑی تعداد شریک تھی۔کنسرٹ کے دوران شائقین اور سکیورٹی گارڈز کے درمیان جھڑپ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں کنسرٹ بدنظمی
کا شکار ہوگیا۔آرگنائزرز کے مطابق نوجوانوں اسٹیج کے سامنے رقص کر رہے تھے جس پر سکیورٹی گارڈز نے منع کیا تو پاکستانی نوجوانوں اور سکیورٹی گارڈز میں تلخ کلامی ہوگئی۔ بعد ازاں صورتحال اتنی گھمبیر ہو گئی کہ عطاء اللہ عیسٰی خیلوی کو شو چھوڑ کر جانا پڑا اور گلوکار کو سکیورٹی حصار میں ہال سے باہر لے جایا گیا۔دوسری جانب لوگوں کی بڑی تعداد نے کنسرٹ آرگنائزرز کے خلاف شدید احتجاج بھی کیا۔