کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) کوئٹہ میں جناح روڈ پر سائنس کالج کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے۔نجی ٹی وی کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا، پولیس ذرائع کے مطابق
دھماکے سے قریبی عمارتوں اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور کئی موٹر سائیکلوں کو نقصان پہنچا، دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو اپنے گھیرے میں لے لیا ہے،دھماکے کی نوعیت کے بارے میں ابھی تک کچھ نہیں بتایا گیا۔ وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ سائنس کالج چوک کے قریب بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم اور بے گناہ لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے سخت سزا کے مستحق ہیں عوام کے جان ومال کا تحفظ پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں میر عبدالقدوس بزنجو نے دہشت گردی کی کارروائی کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ معصوم اور بے گناہ لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے سخت سزا کے مستحق ہیں۔ میر عبدالقدوس بزنجو نے صوبائی دارلحکومت کے سیکیورٹی انتظامات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیکورٹی انتظامات اور واقعہ سے متعلق آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی انہوں نے کہا کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی زمہ داری ہے۔عوام کو دہشت گردوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔وزیراعلی نے صوبائی مشیر داخلہ کو شہر کے سیکیورٹی پلان کا جائزہ لیکر مزید موثر بنانے اور زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر صحت زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی سہولتوں کی فراہمی کی نگرانی کریں۔