کراچی(این این آئی)رواں مالی مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ میں گاڑیوں، کھانے پینے کی اشیا میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔وفاقی ادارہ شماریات سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ میں بیرون ملک سے 33 ارب ڈالر کی اشیاء منگوائی گئیں جبکہ درآمدات کے مقابلے میں جولائی تا نومبر صرف 12 ارب 36 کروڑ ڈالرز کی برآمدات ہوئیں۔ کھانے پینے کی اشیا،
موبائل فونز، گاڑیاں اور پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں نمایاں اضافے تجارتی خسارہ 20 ارب 64 کروڑ ڈالر تک جاپہنچا، صرف نومبر میں تجارتی خسارہ 5 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق 4 ارب ڈالرز یعنی 673 ارب روپے کی کھانے پینے کی اشیا جن میں دودھ، کریم، گندم، چائے، چینی، مصالحے،سویا، پام آئل درآمد کی گئیں ۔اس دوران موبائل فونز کی درآمدات 85 کروڑ 67 لاکھ ڈالرز ریکارڈ کی گئی۔ علاوہ ازیں 8 ارب 37 کروڑ ڈالرز کی پیٹرولیم مصنوعات امپورٹ ہوئیں جو پچھلے سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 112 فیصد زیادہ ہے۔پچھلے 5 ماہ کے دوران ساڑھے اکیاسی کروڑ ڈالر کی کاریں، 2 ارب ڈالر کی ٹیکسٹائل مصنوعات پاکستان آئیں۔ اس دوران کیڑے مار دواں سمیت 6 ارب ڈالر کا زرعی سامان، 2 ارب 76 کروڑ ڈالرز کا سونا، لوہا، اسٹیل اور ایلومینیم بھی منگوایا گیا۔