کوہاٹ(این این آئی)وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تاہم وہ بال بال بچ گئے جبکہ اْن کے محافظ اور ڈرائیور زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کا واقعہ اْس وقت پیش آیا جب وفاقی وزیرشبلی فراز اتوار کے روز آبائی شہر کوہاٹ سے پشاور جارہے تھے کہ
مرکزی شاہراہ انڈس ہائی وے پر درہ آدم خیل کی حدودمیں نامعلوم افراد نے اْن کی سرکاری گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے باعث گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں وفاقی وزیر شبلی فراز محفوظ رہے تاہم اْن کے ڈرائیور اور محافظ زخمی ہوگئے۔ واقعہ کے بارے میں مزید معلومات حاصل نہ ہوسکیں۔ واضح رہے کہ اتوار کے روز درہ آدم خیل میں بلدیاتی انتخابات کے موقع پر بعض مشتعل فراد کی جانب سے دن بھر شدید ہنگامہ آرائی ہوتی رہی جہاں علاقے میں قائم متعدد پولنگ سٹیشنوں پر حملہ کرکے انتخابی مواد جلایا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق واقعہ کے بعد مقامی پولیس پہنچ گئی اور زخمی افراد کو پشاور منتقل کیا گیا۔