لاہور(این این آئی)پولیس نے گریٹر اقبال پارک میں ٹک ٹاکر عائشہ اکرم سے پیش آنے والے واقعہ کے مقدمے خاتون کے ساتھی ریمبو کو مرکزی ملزم قرار دے دیا۔گریٹر اقبال پارک میں خاتون سے بدتمیزی کے مقدمے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ، پولیس کی جانب سے ریمبو کی درخواست ضمانت پر رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی۔رپورٹ میں پولیس نے ریمبو کو مرکزی ملزم قرار دے دیا
اور کہا کہ ریمبو نے خاتون سے بد تمیزی کرانے میں اہم کردار ادا کیا لہٰذاا عدالت ریمبو کی درخواست ضمانت مسترد کرے۔خاتون ٹک ٹاکرز عائشہ اکرم کو ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم ریمبو نے ضمانت کے سیشن کورٹ سے رجوع کررکھا ہے۔ دوسری جانب لاہورہائیکورٹ نے قتل کے مقدمے میں ملوث مفرور ملزم کو وطن واپس آنے کی اجازت دینے کی درخواست پر تفصیلی فیصلہ جاری کرکے قانونی نکتہ طے کرتے ہوئے ریمارکس دئیے ہیںکہ کسی شخص کے لیے زندگی اور ذاتی آزادی سے بڑا کوئی تحفہ نہیں ہوسکتا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے تحریری فیصلہ جاری کیا ۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ گرفتار کرنے یا جیل میں ڈالنے سے کسی بھی شخص کی زندگی پر گہرا اثر ہوتا ہے، انسانی حقوق یونیورسل ڈیکلریشن کے مطابق انصاف کی فراہمی ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔فیصلے کے مطابق سال1988میں بے نظیر بھٹو کیس میں بھی بنیادی انسانی حقوق سے متعلق ذکر کیا گیا ہے۔مذکورہ کیس میں عدالت عالیہ نے ملزم ملک عظمت اللہ کی 3 دن کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کرلی، عدالت نے مفرور ملزم کو ملک واپسی پر پولیس کو فوری گرفتار کرنے سے روک دیا۔عدالت نے ملزم کی دس، دس لاکھ روپے کے دو مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی، ملزم کو 3دن کے اندر وطن واپس آنے اور اپنے آپ کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔