کراچی (این این آئی)پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیمیں 3 میچز پر مشتمل سیریز کے آخری میچ میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں مدمقابل ہوئیں۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز
کے درمیان تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 13 سال پرانا یادگار لمحہ ایک بار پھر دیکھنے میں آیا۔تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈین بیٹر نے ہوا میں شاٹ کھیلا جس کو کیچ کرنے کیلئے محمد حسنین اور ممکنہ طور پر آصف علی گیند کے نیچے آئے تاہم دونوں کھلاڑی ایک دوسرے کی امید پر گیند کو دیکھتے رہے اور کیچ ڈراپ ہوگیا۔اس سے قبل ایسا منظر ویسٹ انڈیز کے خلاف ہی 2008 میں دیکھنے میں آیا تھا جب 3 میچز کی ون ڈے سیریز کے آخری میچ میں عمر گل کی گیند پر کرس گیل نے شاٹ ہوا میں کھیلا اور کیچ کرنے کے لیے سعید اجمل اور شعیب ملک گیند کے نیچے آئے تاہم دونوں کھلاڑی ایک دوسرے کا منہ دیکھتے رہے اور اس دوران گیند زمین پر گری اور کیچ ڈراپ ہوگیا، اس منظر پر قومی کھلاڑیوں کا کافی مذاق بھی اْڑا یا گیا تھا۔ 13 سال بعد یہ لمحہ دوبارہ دیکھنے پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی تبصرے کیے۔