خانیوال (مانیٹرنگ ڈیسک) حلقہ پی پی 206 میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد گنتی کا عمل جاری ہے، یہ نشست ن لیگ کے رہنما نشاط احمد ڈاہا کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی لیکن ان کی اہلیہ نورین نشاط ڈاہا پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر انتخاب میں حصہ لے رہی ہیں، ان کے مدمقابل ن لیگ کے رانا سلیم اور پیپلزپارٹی کے میر واثق کے
علاوہ دیگر امیدوار میدان میں ہیں۔ اب تک 183 پولنگ اسٹیشنز میں سے 25 پولنگ اسٹیشنز سے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج موصول ہو چکے ہیں، جن کے مطابق تحریک انصاف اور ن لیگ میں انتہائی کانٹے دار مقابلہ جاری ہے لیکن اب تک پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو برتری حاصل ہے۔ دوسری جانب وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ میں مسلم لیگ ن کے رہنما اسحاق ڈار کی سینیٹ میں نشست خالی قرار دینے کی استدعا کر دی۔اسحاق ڈار کی نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت سپریم کورٹ آف پاکستان میں ہوئی۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر خان نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ حکومت نے اراکین پارلیمنٹ کے حلف کے حوالے سے نیا قانون بنایا ہے، نئے قانون کے تحت 60 دن میں حلف نہ اٹھانے پر نشست خالی تصور ہوگی۔عامر خان نے بتایا کہ ن لیگ نے قانون سازی ہائیکورٹ میں چیلنج کی جو خارج ہو گئی، اس وقت اسلام آباد ہائیکورٹ میں انٹراکورٹ اپیل زیر التوا ہے۔انہوں نے کہاکہ اپیل میں ن لیگ کا مؤقف ہے کہ سپریم کورٹ نے اسحاق ڈار کا نوٹیفکیشن معطل کر رکھا ہے، سپریم کورٹ نے بار بار اسحاق ڈار کو طلب کیا لیکن وہ پیش نہ ہوئے اور ن لیگ بھی کہتی ہے کہ نوٹیفکیشن معطل ہونے کی وجہ سے اسحاق ڈار واپس نہیں آرہے لہذا سینیٹ میں اسحاق ڈار کی نشست کو خالی قرار دیا جائے۔جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ کیس کو آئندہ ہفتے سماعت کیلئے مقرر کردیتے ہیں اور پھر عدالت نے اسحاق ڈار نااہلی کیس آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دیا۔