لندن (این این آئی)سابق انٹر نیشنل کرکٹر مجاہد جمشید نے انگلینڈ میں سکونت اختیار کر لی ہے اور ریسٹورنٹ کے کاروبار سے منسلک ہو گئے ہیں۔مجاہد جمشید نے پاکستان کی 4 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں نمائندگی کی ہے ، وہ 127
فرسٹ کلاس میچز بھی کھیل چکے ہیں۔پاکستان میں مجاہد جمشید نے کمنٹری اور میچ ریفری میں اپنا مستقبل بنانے کی کوشش کی لیکن اس میں انہیں زیادہ مواقع نہیں مل سکے۔مجاہد جمشید نے لیول تھری کوچنگ کورس بھی کیا ہوا ہے، وہ پاکستان میں کوچنگ کے بھی خواہشمند تھے تاہم اس میں بھی انہیں موقع نہ مل سکا اور اس طرح انہوں نے انگلینڈ میں سکونت اختیار کرنے کا فیصلہ کیا، مجاہد جمشید اپنے بیٹے ویراد کے ہمراہ انگلینڈ رہ رہے ہیں جہاں ان کا بیٹا کرکٹ کھیل رہا ہے۔مجاہد جمشید کا کہنا ہے کہ میں اپنے ملک سے ناطہ نہیں توڑ سکتا، لیکن ابھی میں سمجھتا ہوں کہ مجھے اپنے مستقبل کے لیے انگلینڈ میں رہنا چاہیے کیوں کہ میرے بیٹے کو یہاں کرکٹ کھیلنے کے اچھے مواقع مل سکتے ہیں۔