اسلام آباد (این این آئی)تحریک انصاف کے سابق رہنما جسٹس (ر) وجیہہ الدین احمد، عمران خان سے متعلق اپنے الزامات پر ڈٹ گئے۔ایک انٹرویومیں جسٹس وجیہہ الدین احمد نے جہانگیر ترین کے وضاحتی بیان کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین نے
اپنے بیان میں کہا کہ تعلقات سے قطع نظر، میں پوچھتا ہوں ترین کے تعلقات کون سے خراب ہیں؟جسٹس (ر) وجیہہ الدین احمد نے کہا کہ شوگر کمیشن رپورٹ کے باوجود جہانگیر ترین کا بال تک بیکا نہیں ہوا۔انہوں نے کہاکہ ایسی رقوم کیش کی صورت میں دی جاتی ہیں، ایسی رقوم کی نہ ٹرانزیکشن ہسٹری ہوتی ہے اور نہ ہی کھاتوں میں درج کی جاتی ہے۔شہباز گل کے بیان پر جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین احمد بولے قانونی نوٹس بھیجنے کی ان کی جرات نہیں ہے، جب قانونی نوٹس بھیجیں گے تو دیکھا جائے گا۔اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین عمران خان کی حمایت میں سامنے آئے تھے اور انہوں نے جسٹس وجیہہ الدین کے الزامات کی تردید کی تھی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سے تعلقات جیسے بھی ہوں تاہم سچ بولنا چاہیے، عمران کا گھر چلانے کے لیے پیسہ نہیں دیا، پارٹی چلانے کے لیے ضرور دیا تھا۔ایک بیان میں جسٹس (ر) وجیہہ الدین احمد نے کہا تھا کہ عمران خان کا بنی گالہ کا گھر جہانگیر ترین جیسے لوگوں کے پیسے سے چلتا تھا۔