صوابی(این این آئی )قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیر مین و سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد خان شیر پائو نے پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر مسلسل بے تحاشا مہنگائی ، اشیائے خوردونوش ، پیٹرولیم مصنوعات ، گیس اور بجلی کی قیمتوں اور ٹیکسز میں اضافے کے خلاف احتجاجی تحریک کاآغاز کر تے ہوئے اعلان کیا کہ عوام اور اپوزیشن جماعتوں کی بھر پور شرکت سے اس تحریک کے نتیجے میں ملک میں تباہی مچانے والے حکمرانوں کو بے نقاب کر کے بتا دینگے ۔
بدھ کی شام موضع مانکی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آرڈیننس کے ذریعے نیب کو توسیع دے کر عملاً اپنے لئے این آر او لے لیا ہے دو ملین ڈالر باہر ممالک سے لانے والے عمران خان نے کسی سیاستدان کے خلاف کرپشن ثابت نہ کر سکاان کی غلط پالیسیوں کرپشن ، مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے پاکستان دنیا بھر میں چوتھا مہنگا ترین ملک بن چکا ہے جو کہ ایک شرم کی بات ہے ۔ نیازی حکومت کی طرف سے اس لوٹ مار کی وجہ سے بے تحاشا مہنگائی نے ملک کے ہر مکاتب فکر کے لوگوں کا جینا حرام کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک مشین الیکشن میں دھاندلی کا ایک نیا ذریعہ ہے ۔ جس کے ذریعے پی ٹی آئی حکومت کے وزیر اعظم عمران پانچ سال کے لئے دوبارہ وزیر اعظم منتخب کرنا چاہتے ہیں ۔ہمارا مطالبہ ہے کہ ملک میں منصفانہ آزادانہ اور فوری شفاف عام انتخابات کا انعقاد کیا جائے جو عوام کی مرضی اور منشاء کے مطابق ہو اور اس عام انتخابات میں کسی ادارے کا عمل دخل نہ ہو۔ ناکام حکومت نے چار دفعہ تو ملک کا وزیر خزانہ تبدیل کیا امریکہ میں بیٹھے ہوئے وزیر خزانہ آئے روز آئی ایم ایف سے مختلف شرائط پر معاہدے کر تے رہتے ہیں۔یہ معاہدے عوام کو خوشخبری دینے کی بجائے برُے ثابت ہو رہی ہے ۔ہم ایسی صورتحال پر خاموش تماشائی نہیں بنیں گے انہوں نے کہا کہ ڈالر 185روپے تک پہنچ گیا جس کی وجہ سے ڈالر میں ایک روپے اضافہ کرنے سے سو روپے نقصان ہو رہا ہے عمرانی حکومت نے چند دنوں میں ڈالر کی قیمت میں 35فیصد اضافہ کیااس طریقے سے یہ ملک کس طرح چل سکے گابھارت ، بنگلہ دیش اور سری لنکا میں مہنگائی پانچ فیصد ہے جب کہ عمرانی حکومت میں پاکستان میں مہنگائی 19فیصد ہے۔ جو کہ ستر فیصد زیادہ ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں سے بھی اپیل کی کہ اس حکومت سے نکل کر ایسی صورتحال میں عوام کا ساتھ دیں ورنہ آپ بھی حکومت کے کر توتوں میں باقاعدہ شامل ہونگے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے ممبران اسمبلی جو آج کل بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے گلی کوچوں میں پھر رہے ہیں سے اپیل کی کہ وہ مہنگائی کے خلاف ہماری تحریک میں شامل ہو جائے اسی طرح اپوزیشن سے بھی اپیل ہے کہ وہ اس پریشان کن صورتحال میں اکٹھے نعرہ ”مہنگائی نا منظور نامنظور”بلند کر کے اسلام آباد میں حکمرانوں کے محلات تک پہنچائے کہ ملک کے عوام حکمرانوں سے نا خوش اور پریشان ہیں۔عوام کے ساتھ جھوٹے اور غلط وعدے کرنے والے عمران خان ریاست مدینہ کیسے بنا سکے گاہم اس نا اہل اور سلیکٹڈ حکومت کو یکسر مسترد کر تے ہیں پاکستان میں کرپشن کا خاتمہ کا نعرہ لگانے والے خود اس میں رنگ ہو گئے انہوں نے کہا کہ قانون کی بالا دستی کے حوالے سے آج پاکستان دنیا میں بد ترین ممالک میں شمار ہونے لگا ہے یہاں انصاف اور قانون کا تصور ہی نہیں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو دو سال بعدرہا کر دیا گیا عمرانی حکومت نے پارلیمنٹ کو مفلوج کر دیا مخالفین کو انتقامی نشانہ بنا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اصل تبدیلی ہم عوام کے ساتھ مل کر لائیں گے ہم نے دہشت گردی کا مقابلہ کر کے پچاس ہزار جانوں کے نذرانے پیش کئے دہشت گردی کی وجہ سے ہمارا انفرا سٹرکچر تباہ ہونے کے علاوہ سرمایہ کاری نہیں ہو رہی ہے ۔ سابقہ قبائل کے ساتھ ہونے والے وعدے پورے نہیں ہوئے ۔