اسلام آباد (این این آئی)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے دنیا کی 500سرسبز ترین جامعات میں شامل ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق یو آئی گرین میٹرک کی 14۔دسمبر 2021ء کو جاری کردہ رپورٹ کے مطابق عالمی یونیورسٹیوں کی درجہ بندی میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی دنیا کی سبز ترین یونیورسٹیوں میں 485ویں نمبرپر آگئی ہے، اس مقابلے میں 84ممالک کی
912یونیورسٹیوں نے حصہ لیا۔ واضح رہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے مین کیمپس کے ساتھ ساتھ علاقائی کیمپسز کو سرسبز بنانے کے لئے عملی اقدامات کرکے دنیا بھر میں اپنی پوزیشن کو نمایاں طور پر بہتر کیا ہے جو پچھلے سال کی درجہ بندی کے مقابلے میں کئی گناہ زیادہ ہے۔مزید برآں یونیورسٹی نے توانائی کے موثر استعمال، موسمیاتی تبدیلی، نقل و حمل کی متبادل شکلوں اور فضلے کی ری سائیکلنگ کے ذریعے کاربن کے اخراج کو کم کرنے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔نئی درجہ بندی کے مطابق اوپن یونیورسٹی پاکستان کی سبز ترین یونیورسٹیوں میں 16ویں نمبر پر آگئی ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یونیورسٹی نے یہ مقام پائیدار ترقیاتی اہداف کے حوالے سے حکومت کی پالیسیوں پر سختی سے عمل پیرا ہوکرحاصل کیا ہے۔یونیورسٹی سرسبز پاکستان اقدام پر بھی عمل پیرا ہے۔