لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک/ این این آئی)قومی کرکٹ ٹیم کےکھلاڑی کامران اکمل پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گے۔پشاور زلمی کےکوچ اور ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم کی کامران اکمل سے ملاقات ہوئی جس میں قومی کرکٹر نے
پی ایس ایل سے دستبردار ہونے کا فیصلہ واپس لے لیا۔قبل ازیں وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجا کا کھلاڑیوں کی کیٹیگری تبدیلی پر تبصرہ مناسب نہیں ہے۔ایک بیان میں کامران اکمل نے کہا کہ کرکٹر کی حیثیت سے مجھے ابھی کھیلنا ہے، فٹ رہا اور پرفارمنس دی تو 10 سال بھی کھیل سکتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ 7 سال سے پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کھیلنے کو کیٹیگری تبدیل کرنے کی وجہ بتانا مناسب نہیں ہے۔انہوںنے کہاکہ ہم پاکستان کے لیے اور اپنی لیگ کے لیے کھیل رہے ہیں، پرفارم کیا ہے تو فرنچائز نے کھلایا ہے، دوسروں کی طرح ان آئوٹ ہو کر نہیں کھیلا۔کامران اکمل نے کہا کہ سینئر کھلاڑیوں نے محنت اور جذبے کی وجہ سے بڑی خدمات دی ہیں، ان کے ساتھ یہ برتائو اور چیئرمین کا تبصرہ مناسب نہیں ہے۔وکٹ کیپر بیٹر کا کہنا تھا کہ پیسوں کی اتنی اہمیت نہیں ہے، لیکن جو کیٹیگری دی گئی وہ میری بنتی نہیں ہے۔