نئی دہلی(این این آئی)بھارتی وزارت خارجہ نے کہاہے کہ خالصتانی سرگرمیوں سے متعلق جو تنبیہی مکتوب گردش کر رہا ہے وہ جاری نہیں کیاگیاکیا۔ شبہ ہے اس جعلی خط کی گردش میں پاکستان ملوث ہو سکتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ نے
ایک بیان میں کہاکہ خالصتان اور مبینہ سکھ شدت پسندوں کی سرگرمیوں سے متعلق وزارت خارجہ کی جانب سے جو ایک تنبیہی مکتوب وائرل ہو رہا ہے وہ اس نے کبھی نہیں جاری کیا اور یہ اس کے نام پر ایک جعلی خط ہے۔ بیان کے مطابق یہ خط آٹھ نومبر کو جاری کیا گیا تھا اور کئی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کیا جا رہا ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ سے منسوب ایک مکتوب گزشتہ کئی روز سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے جس میں مبینہ طور پر سکھ انتہا پسندوں کی طرف سے لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے اقدامات کی بات کی گئی تھی۔ اس خط میں بنیاد پرست سکھوں کی طرف سے لاحق خطرات کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے ان سے نمٹنے کے طریقہ کار پر تفصیل سے بات چیت کی گئی ہے۔ اس میں مبینہ سکھ انتہا پسندوں کی طرف اٹھائے جانے والے اقدام کے بارے متنبہ کرتے ہوئے ان سے کیسے نمٹا جائے ان اقدامات کے حوالے سے تفصیل شامل ہے۔