کراچی (نیوزڈیسک) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین اور سابق صدر جنرل(ر)پرویز مشرف نے کہا ہے کہ سیالکوٹ ورکنگ باﺅنڈری پر بھارتی افواج کی بلااشتعال فائرنگ پاکستان کی سا لمیت اور داخلی خود مختاری پربراہ راست حملہ ہے۔سانحہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے ،کم ہے۔خطے میں قیام امن کے لئے ضروری ہے کہ بھارت مذموم اقدامات سے باز رہے۔حکومت پاکستان اور متعلقہ حکام معاملہ بین القوامی فورم پر اٹھائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا کے لئے جاری کئے گئے اپنے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے سیالکوٹ ورکنگ باﺅنڈری پر بھارتی افواج کی طرف سے بلا اشتعال فائرنگ اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے سانحہ کی شدیدالفاظ میں مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ بھارت اس سے قبل بھی بارہاحدود سے تجاوز کرچکا ہے۔خطے میں قیام امن کے لئے بھارت کو ایسے قدامات سے گریز کرنا ہوگا۔قیام امن کی ہماری خواہش کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے۔افواج پاکستان ملکی سالمیت کے خلاف اٹھنے والی نگاہوں کو نشان عبرت بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت پر حکومت پاکستان کا ردعمل غیرتسلی بخش ہے۔اس حوالے سے حکومت کا ایک مضبوط موقف سامنے آنا چاہئےے تا کہ بھارت آئے روز کی اشتعال انگیزی سے باز آئے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان اور دیگر متعلقہ حکوم کو چاہئے کہ معاملہ کو فوری طور پر بین الاقوامی فورم پر اٹھائیں۔